بنگلورو،28/اگست(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپانے آج اپنی رہائش گاہ پر دلتوں کیلئے دعوت کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر دلت طبقے سے وابستہ چترادرگہ کی مادار پیٹھا کے سوامی نے یڈیورپا کے اس اقدام کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس اقدام سے یڈیورپانے بسونا کے خوابوں کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔ آج یڈیورپا کی ڈالرس کالونی رہائش گاہ پر دلتوں کیلئے اس دعوت کا اہتمام کیاگیا تھا۔ دعوت میں شریک مٹھ کے سربراہ نے کہاکہ درج فہرست ذاتوں کے لنگایت اور وکلیگا فرقہ کے ساتھ تعلقات ہمیشہ سے انتہائی خوشگوار رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان طبقات کی طرف سے کبھی دلتوں کی ہراسانی نہیں ہوئی ہے، بلکہ پسماندہ طبقات سے وابستہ لوگوں نے ہمیشہ ہراساں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا اور کمار سوامی نے بحیثیت وزیر اعلیٰ دلتوں کے مٹھوں کو فراخدلی سے امداد کی ہے۔ 70 سال سے ریاست میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں دلتوں پر ظلم ہورہا تھا ، انہیں صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا جا تا رہا ہے۔ یڈیورپا نے پہلی بار ریاست میں دلتوں کے گھر کھانا کھا کر اس طبقے سے اپنی وابستگی کا اظہار کیاہے۔ ریاست کی کانگریس حکومت پر درپردہ نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ برسر اقتدار طبقے نے دلتوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس موقع پر یڈیورپا، رکن پارلیمان شوبھا کارند لاجے ، سابق وزیر سی ایم اداسی ، سابق رکن پارلیمان آئینور منجوناتھ وغیرہ موجود تھے، لیکن ریاستی بی جے پی صدر کی طرف سے دلتوں کو دی گئی دعوت میں کسی بھی بڑے بی جے پی لیڈر کی غیر حاضری پارٹی میں انتشار کا کھلا ثبوت پیش کررہی تھی۔